لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تھیٹرکے فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت تھیٹر کی بحالی، فنکاروں کی فلاح و بہبوداور مالی تحفظ فراہم کررہی ہے۔ تھیٹر کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دن کا مقصد تھیٹر کی اہمیت، فنی خدمات، اور
لائیو پرفارمنس کے ذریعے سماجی تبدیلیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ سال 2026 کا مرکزی موضوعTheatre and a Culture of Peaceہے، جو امن کے فروغ میں تھیٹر کے کردار پر زور دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام تھیٹر آرٹسٹوں اور شائقین کو تھیٹر کا عالمی دن مبارکباد دی اور کہا کہ مستحق اور ضرورت مند فنکاروں کے لیے آرٹسٹ سپورٹ فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پنجاب تھیٹر ہالز کی حالت بہتراورجدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ آرٹسٹ سپورٹ فنڈسے 1,831 فنکاروں کو اہل قرار دے کر مالی معاونت فراہم کریں گے۔تھیٹر صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ ہے۔ تھیٹر معاشرتی اصلاح اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تھیٹر انسانیت کو خود سے ملوانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اسٹیج ایک ایسی دنیا ہے جہاں تخیل حقیقت بن کر سامنے آتا ہے۔
