اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیجِ فارس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کررہی ہیں جن سے گریز کیا جائے۔بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے بہت سے ادارے مشرقِ وسطیٰ/خلیجِ فارس میں جاری تنازعے کے حوالے سے قیاس آرائیوں اور افواہوں
کو نشر کررہے ہیں جن میں پاکستان کے بارے میں غلط معلومات بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ان نام نہاد ’’پیش رفتوں‘‘ پر تبصرے یا تصدیق کے لیے متعدد کالز موصول ہورہی ہیں۔ ترجمان نے گزشتہ روز کے اپنے پیغام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے احتیاط اور رازداری ضروری ہوتی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز اور کسی بھی فیصلے یا نتائج بارے سرکاری اعلانات کا انتظار کرے۔
