اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں یومِ پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے ملک کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی قوتوں کو "زیرو ٹالرنس” کا واضح پیغام دیا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غیر ملکی جارحیت اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کے باوجود اپنی خودمختاری اور آزادی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال معرکۂ حق کے دوران پاکستانی مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے بھارت کو فیصلہ کن شکست دے کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور
بہادری کا ثبوت دیا۔سفیر نے واضح کیا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے لے کر آپریشن غضب للحق تک ہمارا پیغام دشمن قوتوں کے لیے بالکل واضح ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔تقریب میں قومی ترانے کی دھن پر سفیر عاصم افتخار احمد نے قومی پرچم لہرایا۔اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے قیام کی تاریخی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے محمد علی جناح کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے ادب، فنون، موسیقی، کھیل اور خواتین کے حقوق سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ آٹھ دہائیوں میں چیلنجز کا سامنا رہا لیکن پاکستان نے ہمیشہ اپنے بنیادی نظریات کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ایک مضبوط دفاعی نظام کا حامل ملک ہے اور عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہے۔سفیر نے پاکستانی افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں اور ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھا۔انہوں نے کہاکہ ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہوں کے لیے ہمارا پیغام واضح ہے کہ اگر وہ پاکستان کے امن کو خطرے میں ڈالیں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
