اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستانی سفارتخانہ ابوظہبی میں86ویں یومِ پاکستان کی مناسبت سے قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغازپاکستان کے سفیرِ شفقت علی خان کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے ساتھ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں سفیر شفقت علی خان نے برصغیر کے مسلمانوں کی
طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک مستحکم و خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کی اصولی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔ پاکستان کے سفیرِ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی مہمان نوازی اور مواقع پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی برادری کی متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی میں قابلِ قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کمیونٹی کے افراد پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین اور روایات کا احترام کریں اور موجودہ حالات کے تناظر میں یو اے ای حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
