اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):عید کے موقع پر شہداکے لواحقین نے اپنے شہداپر بھرپور فخر کا اظہار کیا ہے۔ لیفٹیننٹ ناصر حسین سلہریا شہیدکی والدہ نے عید الفطرکے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ ناصر حسین سلہریا شہید ان
عظیم سپوتوں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرابیٹا میرے دل کا ٹکڑا تھا، مجھے اس پر بے حد فخر ہے کہ اس نے وطن کے لیے اپنی جان قربان کی ۔والدہ لیفٹیننٹ ناصر حسین سلہریا شہید نے کہا کہ آج ہر وردی میں ملبوس جوان مجھے اپنا بیٹاناصر لگتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور آپریشنز میں دشمن کی شکست دیکھتی ہوں تو میرا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے کہ میرا بیٹا بھی اسی عظیم فوج کا حصہ تھا ۔لیفٹیننٹ ناصر حسین سلہریا شہید کی والدہ نے کہا کہ شہداء کا خون اس سرزمین کی حفاظت کی ضمانت ہے جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے اور اس جیسے ہزاروں جوانوں نے اپنے آج کو ہمارے کل کے لیے قربان کیا تاکہ پاکستان ہمیشہ امن اور روشنی کا گہوارہ رہے ۔
