لاہور۔( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اعتماد میں لیتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ پاکستان جنگ کے خاتمے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو ٹیلی فون کیا، گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے
شاہ حمد اور بحرین کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔شاہ حمد نے بھی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے امت کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ بالخصوص بحرین کے خلاف کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے بحرین میں ہونے والے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے بحرین کی طرف سے صبر اور تحمل کو سراہتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں بحرین اور اس کے عوام کے لیے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کے بادشاہ کو خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ کو یقین دلایا کہ پاکستان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

