اسلام آباد:( نمائندہ خصوصی)پاکستان اور ترکیہ نے زور دیا ہے کہ علاقائی صورتحال کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انتہائی گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر اردوان، ان کے اہل خانہ اور برادر ترک عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی جس کا صدر اردوان نے بھی پرتپاک جواب دیا۔عید کی مبارکباد کے تبادلے کے علاوہ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی بالخصوص ترکیہ پر میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان مشکل حالات میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے
اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ کے لیے اور خصوصاً عید کے ایام کے دوران حال ہی میں اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے حوالے سےترکیہ کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا ۔وزیراعظم نے فروری 2025ء میں صدر اردوان کے تاریخی دورہ پاکستان اور اس کے بعد اپریل اور مئی 2025ء میں اپنے دورہ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی مفاد اور علاقائی تعاون کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

