اسلام آباد۔ ( نمائندہ خصوصی) :نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ کی دعوت پر 18 اور 19 مارچ کو ریاض کا دورہ کریں گے جہاں وہ خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم اجلاس میں خطے کے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت،
خودمختاری اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کریں گے اور ان کے علاقوں پر ہونے والے تمام حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کریں گے۔نائب وزیراعظم جاری تنازعہ کے فوری خاتمے کے لیے پاکستان کے مطالبے کو دہراتے ہوئے بات چیت اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی ضرورت پر زور دیں گے۔ وہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھی اجاگر کریں گے اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان خطے کو درپیش سنگین سکیورٹی بحران کے حل میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔
