اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گذشتہ روز افسوسناک حادثہ میں زخمی ہونے والی خواتین کی عیادت کی۔ اس موقع پر ایم پی
اے سردار حبیب الرحمن، ہسپتال کے ایم ایس اور بی آئی ایس پی کے افسران بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے زخمی خواتین کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی
بنائی جائے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی رقوم کی تقسیم پارٹنر بینکوں کے ذریعے کی جاتی ہے تاہم اس واقعہ کے تناظر میں متعلقہ
بینک کی غفلت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زخمی خواتین کا علاج
بالکل مفت کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے تعلیمی وظائف بھی جاری رہیں گے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پُرانے ادائیگی نظام کے تحت یہ آخری قسط ادا کی گئی تھی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق آئندہ سہ ماہی سے ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جائیں گی جس کا
مقصد مستحق خواتین کو باعزت، بروقت اور شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں رقوم کی تقسیم پارٹنر بینکوں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاہم نئے نظام کے نفاذ سے بینک ریٹیلرز کی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا اور ادائیگی کا نظام مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔سینیٹر روبینہ خالد حادثے میں جاں بحق ہونے والی بی آئی ایس پی کی چار
مستحق خواتین انور مائی (چک 123)، پروین بی بی (چک 123)، شہناز خاتون (چک 125) اور علیمہ خاتون (چک 114) کے گھر بھی گئیں۔ انہوں نے مرحوم خواتین کے لئے دعائے مغفرت کی، اہلخانہ سے تعزیت کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
