کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی خواتین ونگ کے صدر رکن صوبائی اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بلوچستان پولیس کو ملک کے دیگر صوبوں کی طرح جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے اندرونی حالات میں پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور اپنے جانوں کا پروا کیے بغیر ملک دشمن عناصر کے سرکوبی کیلئے کوشاں ہیں گلی محلوں اور شاہراہوں پر عوامی تحفظ کیساتھ ساتھ وطن عزیز کے سلامتی و بقاء کیلئے ہماری بہادر پولیس فورس کے جوانوں اپنے نذرانہ پیش کررہے ہیں سیسہ پلائی دیوار کے
مانند ہوکر عوام کے تحفظ کررہی ہے تاہم پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں جدید سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں۔انہوں نے زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور ٹی اے/ڈی اے میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ مزید یہ کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی ریلیف دیا جائے، تاکہ وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔محترمہ فرح عظیم شاہ نےاس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے، کیونکہ ایک غیر جانبدار اور خودمختار پولیس ہی مؤثر طریقے سے امن و امان قائم رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں پولیس فورس کے مسائل اور حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گی۔

