کراچی( نمائندہ خصوصی) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہآج سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا بیان ٹیلی ویژن پر چل رہا تھا جس میں وہ کسٹم حکام کے رویئے کی شکایت کررہے تھے کہ کسٹم حکام نے سندھ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی سرکاری گاڑی پکڑ لی ہے اور گاڑی کے تمام کاغذات دکھانے کے باوجود گاڑی نہیں چھوڑی جارہی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ گاڑی انڈس موٹرز کے شوروم سے خریدی گئی تھی لیکن کسٹم حکام کاغذات دکھانے کے باوجود گاڑی نہیں چھوڑ رہے۔انہوں نے کہا کہ بالکل اسی طرح کسٹم نے 29-12-2017کو میرے بیٹے کی گاڑی PB-068 پکڑی اور بھاری رشوت کا تقاضہ پورا نہ کرنے پر جھوٹا مقدمہ درج کردیا۔ گزشتہ 9سال سے ہماری گاڑی روکی گئی ہے۔ حالانکہ گاڑی ہم نے خود امپورٹ کی اور پورٹ
قاسم پر اسکی ڈیوٹی اداکی گئی پھر اسلام آباد ایکسائز نے کاغذات کی تصدیق کرکے گاڑی رجسٹرڈ کی۔ کسٹم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو لاہور ہائی کورٹ نے 24-01-2023کو کیس کسٹم ٹریبونل کو بھیج دیا۔پھر کسٹم ٹریبونل نے 15-01-2024 کو حکم دیا کہ آفتاب خان وردگ کی گاڑی فوری طور پر اسے دے دی جائے۔ جب یہ آرڈر لیکر ہم کسٹم آفس گئے تو اندازہ ہوا کہ ان کی ناجائز خواہشات ہم پوری نہیں کرسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسٹم نے ایک بارپھرلاہور ہائی کورٹ میں اپیل کردی جس پر دوبارہ ہمارے حق میں فیصلہ آگیا لیکن گاڑی ریلیز نہیں کررہے۔کسٹم لاہور کے رویئے کے خلاف ہم نے وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس شکایت درج کرائی۔ ٹیکس محتسب کو کسٹم نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ حالانکہ ابھی تک سپریم کورٹ سے ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا۔ٹیکس محتسب نے بھی کسٹم کو فوری طور پر گاڑی ریلیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہماری گاڑی جب کسٹم نے پکڑی اس وقت بھی ہم نے رشوت دینے سے انکار کیاتو گاڑی پرمقدمہ درج کردیا گیا۔ اب 8-9سال کی قانونی کارروائی میں ہائی کورٹ‘ کسٹم ٹریبونل اور اب ٹیکس محتسب کے فیصلوں کو ماننے سے بھی اسی لئے انکار کردیا گیا ہے کہ ہم نے اب ایک بار پھر رشوت دینے سے انکار کردیا ہے۔میرا بیٹا آفتاب خان وردگ برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی ہے۔ حکومت کے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے دعوؤں کے برعکس ہمارے ساتھ کسٹم حکام کی جانب سے زیادتی کی جارہی ہے اور مقدمات جیتنے کے باوجود گاڑی ریلیز نہیں کی جارہی۔ کسٹم حکام کے رویئے سے حکومت کی بھی بدنامی ہورہی ہے۔ہم نے انصاف کی فراہمی کے لئے وزیراعظم‘ وفاقی وزیر خزانہ سمیت اعلٰی حکام کو لیٹرز ارسال کئے ہیں۔
