حیدرآباد۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ شہید بینظیر آباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر نعمان آرائیں نے کہا ہے کہ عالمی بینک کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدہ ہے جس پر دونوں ممالک کو مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دریاؤں کے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا اور خطے میں آبی تنازعات کو روکنا تھا۔اے پی پی سے
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے زرعی شعبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث نہ صرف زرعی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاشتکاروں کو بھی شدید مالی اور معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نعمان آرائیں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی معیشت کا بڑا دارومدار زراعت پر ہے، اس لیے پانی کی منصفانہ تقسیم نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اگر پاکستان کے حصے کے پانی میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کے اثرات نہ صرف زراعت بلکہ مجموعی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی بینک اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے
بھارت کو سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا پابند بنائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان کو اس کے حصے کا پانی بلا رکاوٹ فراہم کیا جائے۔نعمان آرائیں نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں بڑھتے ہوئے آبی تنازع کو سنجیدگی سے لیں اور دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ اصولوں کے مطابق پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے عملی کردار ادا کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
