لاہور( نمائندہ خصوصی) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ثمن رائے نے کی جبکہ اوورسیز پاکستانی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عامر احمد خان، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد خان، اوورسیز خواتین اور دیگر افسران
بھی موجود تھے۔تقریب میں خواتین کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمن رائے نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی خواتین بیرون ملک نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کا نام بھی روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانی خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور رہنمائی کے لیے اپنی کاوشیں مزید مؤثر بنائے گا۔تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے کردار کو بھی سراہا گیا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں خصوصاً خواتین کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

