
واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماؤں سے خوشگوار ماحول میں غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف

سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف اور انڈونیشیاکے صدر پرابوو سوبیانتو سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں جن میں اہم عالمی و علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔ان ملاقاتوں کے دوران دوستانہ مصافحے اور معانقے

ہوئے، مسکراہٹوں کا تبادلہ اور ایک دوسرے کے احوال دریافت کیے گئے۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف امریکا کے دارالحکو مت واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے موجود ہیں۔ پاکستان کی بورڈ آف پیس میں شمولیت غزہ میں امن کے قیام، تعمیر نو، عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں اور سفارتی پالیسی کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کی عکاسی ہے ۔