حیدرآباد۔( نمائندہ خصوصی):گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ رحمت، بخشش اور قربتِ الٰہی کا پیغام لے کر آتا ہے، یہ روحانی تربیت اور خود احتسابی کا بہترین موقع ہے دعا ہے کہ اس مقدس ماہ کی برکات سے ملک میں خوشحالی اور معاشی استحکام آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا اصل پیغام درگزر، رواداری اور باہمی اتحاد ہے، اس لیے تمام سیاسی اور سماجی طبقات کو باہمی اختلافات بھلا کر ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ایک پیچ پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔صوبے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ
قومی آمدنی میں نمایاں حصہ ڈالتا ہے، لیکن اس کے باوجود تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ابھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ان کے وسائل کے مطابق ترقی اور سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی عوام کے مفاد میں نہیں، بلکہ ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر اس فرد اور جماعت کے لیے کھلے ہیں جو ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے سندھ کو امن، بھائی چارے اور محبت کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بسنے والی تمام قومیتوں کے لوگ برابر ہیں اور کسی قسم کی لسانی یا نسلی تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ گفتگو کے اختتام پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو معمولی معاملات کے بجائے تعلیم، صحت اور صوبے کی حقیقی ترقی کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، جبکہ جھوٹ، بدعنوانی اور بے ایمانی سے اجتناب کرتے ہوئے دیانت داری اور محبت کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
