اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے منگل کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ اور کلیدی قانونی اقدامات میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور انسانی حقوق کے شعبے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو ملک میں حالیہ آئینی اور قانونی اصلاحات سے آگاہ کیا جن کا مقصد انسانی حقوق کے تحفظ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مجموعی انسانی
حقوق کے منظرنامے میں واضح بہتری آئی ہے،اسی طرح حقوق کی خلاف ورزیوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور ادارہ جاتی جوابدہی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق، متعلقہ محکموں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قانونی تحفظات کو مضبوط بنانے اور ریڈریس و جوابدہی کے میکانزم کو فعال انداز میں فروغ دے رہی ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے جی ایس پی پلس فریم ورک کے لئے وابستگی کو اجاگر کیا جس کے ذریعے گورننس میں اصلاحات، ادارہ جاتی مضبوطی اور پائیدار ترقی کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حالیہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں انتخاب کو بھی اجاگر کیا جو بین الاقوامی برادری کے اعتماد اور پاکستان کے تعمیری کردار کا مظہر ہے۔جرمن سفیر اینا لیپل نے پاکستان کی اہم قانونی اصلاحات کی تعریف کی جن میں پاکستانی فوجداری ضابطہ میں ترامیم شامل ہیں جن کے تحت بعض جرائم پر سزائے موت کے بجائے عمر قید نافذ کی گئی ہے۔انہوں نے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لئے قومی کمیشن کے قیام اور موثر کارکردگی کو بھی سراہا۔وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ قومی کمیشن برائے اقلیتوں کے حقوق ایک پارلیمانی قانون کے تحت قائم کیا
گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ، قومی کمیشن برائے وقار نسواں( این سی ایس ڈبلیو )اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال بھی موثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔ملاقات میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سروس فراہم کرنے والوں کی تربیت اور صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کے لئے مربوط اقدامات شامل ہیں۔دونوں جانب نے انسانی حقوق کے شعبے میں تعاون کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں انصاف، حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لئے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ ملاقات مثبت اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں انسانی حقوق کے فریم ورک اور قانونی اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔
