رحیم یار خان( نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کو اقتصادی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے، قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور پیپلز پارٹی کے نظریاتی ورثے کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی جماعت کی مقامی قیادت اور سابق ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں آکر انہیں یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے آبائی صوبے سندھ میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کی ثقافت اتحاد، مشترکہ روایات اور ورثے کی عکاس ہے۔انہوں نے تقریباً 14 سال قید میں گزارنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ عرصہ حوصلے کے ساتھ برداشت کیا، جس کا سہرا پارٹی کارکنوں کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کو جاتا ہے۔اپوزیشن میں موجود ایک سیاسی حریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت کا امتحان مشکل وقت میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی طویل قید کا تقابل ان افراد سے کیا جو کم عرصہ جیل میں رہنے اور تمام سہولیات سے مستفید ہونے کے باوجود دباؤ برداشت نہ کر سکے۔صدرمملکت نے تسلیم
کیا کہ ملک کو معاشی مشکلات اور مہنگائی کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے اس صورتحال کو گزشتہ چار سالہ حکومت کی بدانتظامی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم معیشت کو مستحکم کرنے اور مؤثر حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔قومی سلامتی کے امور پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر مملکت نے بین الاقوامی سرحدوں پر کشیدگی کا ذکر کیا اور کہا کہ دشمن قوتیں اب بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی شکست نے سرحد پار کچھ حد تک سمجھ ضرور پیدا کی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ جرات اور ایمان کے ساتھ ملک کا دفاع کیا ہے۔انہوں نے زرعی ترقی کو تیز کرنے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور قومی ترقی کے لیے کسانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔صدرمملکت نے جنوبی پنجاب کی سینئر سیاسی رہنمائوں بشمول مخدوم احمد محمود اور گیلانی خاندان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے خطے کے سیاسی منظرنامے کو مضبوط بنایا ہے۔پارٹی کی نظریاتی بنیادوں کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو کے شروع کردہ وژن کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا، جو اب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی حالات جلد بہتر ہوں گے اور یقین دلایا کیا کہ پارٹی ملک کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔قبل ازیں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے صدر آصف علی زرداری کا جنوبی پنجاب آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور دورے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہاں موجود تمام افراد کو بلاول بھٹو زرداری کی محنت اور عزم نے متحرک کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین نے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ایک مضبوط اور مؤثر ٹیم تشکیل دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی نظریے پر قائم رہی ہے اور اس کے کارکن شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بعد ازاں شہید بینظیر بھٹو کے وژن سے وفادار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن نظریاتی اور پُرعزم ہیں، جنہوں نے شہیدذوالفقار علی بھٹو اورشہید بینظیر بھٹو کا دور دیکھا اور آج بھی صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے کارکن لالچ یا ذاتی مفادات سے نہیں بلکہ اصولوں اور نظریے سے وابستہ ہیں۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ یہ صدر مملکت کے وسیع وژن اور سیاسی بصیرت کا عکاس ہے کہ انہوں نے ایوانِ صدر سے نکل کر ایک چھوٹے شہر کا دورہ کیا اور خود پارٹی کارکنوں اور مقامی قیادت سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صدر کے لیے ایوانِ صدر سے باہر نکل کر بنیادی سطح کے کارکنوں میں آنا آسان کام نہیں لیکن یہ اقدام عوام سے ان کے مضبوط تعلق کا مظہر ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا جنوبی پنجاب کا دورہ نہایت مثبت اثرات مرتب کرے گا اور خطے بھر میں پارٹی کارکنوں کے حوصلے اور جذبے کو مزید بڑھائے گا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
