کراچی ( نمائندہ خصوصی) کراچی کے کاروباری علاقے صدر میں جیولر شاپ کے مالک نے قرض خواہوں سے بچنے کے لیے 40 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا۔ ڈی ایس پی پریڈی لیاقت حیات کے مطابق راجہ غضنفر علی روڈ پر واقع دکان کے مالک
مہزور نے مددگار 15 کو اطلاع دی کہ دو ملزمان چاندی لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں، تاہم پولیس کے پہنچنے پر دکاندار پرسکون انداز میں چائے پیتا ملا جبکہ اطراف میں کسی کو واردات کا علم نہیں تھا۔ پولیس کو اس وقت مزید شک ہوا جب دکان میں بڑی
مقدار میں زیورات موجود تھے اور پڑوس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی کوئی ملزم نظر نہ آیا۔ باریک بینی سے تفتیش پر دکاندار نے اعتراف کیا کہ اس نے قرض خواہوں سے مہلت لینے کیلئے من گھڑت کہانی بنائی تھی۔ پولیس دکاندار کو تھانے لے گئی، تاہم بعد ازاں جیولرز ایسوسی ایشن کی مداخلت اور معافی کے بعد معاملہ رفع دفع کردیا گیا۔
