اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سہیل اور سہروش کو ناظم آباد اور گارڈن ایسٹ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے
کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے جن میں 20,050 امریکی ڈالر، 2,000 ترکش لیرا، 1,300 یو اے ای درہم اور 2,170 برطانوی پائونڈ شامل ہیں۔ملزمان سے 1,000 یورو، 8,001 قطری ریال، 13,600 چائنیز یوآن، 7,800 سعودی ریال، 81 بحرین دینار، 465 ملائیشین رنگٹ اور 50 آسٹریلین دینار بھی برآمد کیے گئے۔کارروائی کے دوران 59 لاکھ 33 ہزار سے زائد پاکستانی روپے بھی تحویل میں لے لیے گئے۔ایف آئی اے حکام نے کہاکہ ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے اور ان کے قبضے سے موبائل فونز اور غیر قانونی کاروبار سے متعلق دیگر شواہد بھی ملے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

