اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں سے متعلق علولہ کانفرنس 2026 کے موقع پر ایران کے وزیرِ اقتصادی امور و خزانہ ڈاکٹر سید علی مدنی زادہ سے ملاقات کی۔اتوار کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ
تجارت اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔دونوں وزراء نے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے وژن اور ہدایات کے مطابق دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، تجارتی سہولت کاری اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔گفتگو کے دوران ایرانی وزیرنے سرمایہ کاری اور مارکیٹ تعاون کے حوالے سے مختلف شعبہ جاتی مواقع کو اجاگر کیا، جن کا مقصد اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنا اور باہمی مفاد پر مبنی نتائج حاصل کرنا ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ان تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ایرانی وزیر نے سینیٹر محمد اورنگزیب کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی جس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے انہیں اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی۔
