لاہور( نمائندہ خصوصی) لندن کے معروف بزنس مین اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیت خرم بٹ بسنت کی خوشیاں منانے لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زندہ دلانِ لاہور کے ساتھ مل کر روایتی تہوار بسنت کو بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر معروف سماجی شخصیت ظفر سپاری، راجہ مہتاب، راجہ مظہر عباس، عباس بٹ اور شاہد بٹ سمیت پاکستانی کمیونٹی کے دیگر معزز افراد نے خصوصی شرکت کی اور بسنت کی ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ خرم بٹ نے اس موقع پر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بسنت جیسے ثقافتی تہواروں کی بحالی پنجاب حکومت کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنوں کے ساتھ خوشیاں منانے کا اصل مزہ پاکستان آکر ہی ملتا ہے۔ لاہور کی ثقافت، محبت اور رنگ ہمیشہ دل کو خوش کر دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو خوشیوں کی طرف واپس لوٹایا ہے۔ خرم بٹ نے مزید کہا کہ بسنت پنجاب کی پہچان ہے اور اسے محفوظ انداز میں منانے کی اجازت دینا ایک مثبت قدم ہے جس سے نہ صرف ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت اور مقامی کاروبار کو بھی تقویت ملے گی۔ معروف سماجی شخصیت ظفر سپاری نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے شہری اس تاریخی فیصلے پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لاہور کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بسنت منانے کی اجازت دی جائے تاکہ پورے صوبے میں خوشیوں اور ثقافت کا رنگ پھیل سکے۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ثقافت، خوشیوں اور مثبت سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ایک خوش آئند تبدیلی ہے اور امید ہے کہ اس طرح کے تہوار یونہی جوش و خروش سے منائے جاتے رہیں گے۔
