لاہور۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جنگ میں شکست پر بھارت کو سخت تکلیف ہے، سکیورٹی ادارے بھارتی پراکسیز کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، خیبر پختونخوا حکومت بے عقل موج کے اندر مبتلا ہے، ان کا کام صرف احتجاج اور اڈیالہ کے باہر بیٹھنا ہے، انہیں صوبے میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر توجہ دینے کا بالکل احساس نہیں، یہ ابھی تک خیبر خیبر پختونخوا میں کوئی ایک بھی کام نہیں کر سکے، خیبر پختونخوا حکومت بتائے تیراہ کیلئے دیئے گئے چار ارب روپے کہاں گئے؟ باڑہ کا سیاسی اتحاد کہہ رہا ہے کہ بد انتظامی اور بدعنوانی ہوئی ہے، گورنر راج کا آئینی آپشن ہر حکومت کو میسر ہوتا ہے لیکن کوشش کی جاتی ہے کہ اس کی نوبت نہ آئے، خیبر پختونخوا حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزلاہور کے حلقہ این اے 127 مین والٹن روڈ قینچی بازار چونگی امرسدھو میں پاکستان مسلم لیگ ن کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق، مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان میں
فتنہ الہندوستان کی طرف سے بزدلانہ حملہ کیا گیا اور ایک منظم سازش کے تحت بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن میں سکیورٹی فورسز، پاک فوج، پولیس اور بلوچستان حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 80 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے بھرپور طریقے سے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہماری سیکورٹی فورسز شہادت کے جذبہ سے سرشار ہو کر ہمہ وقت تیار رہتی ہیں، دہشت گرد 12 شہروں میں دہشت گردی کا ارادہ رکھتے تھے لیکن ہماری سکیورٹی فورسز نے مہارت اور ہمیشہ کی طرح جذبہ قربانی اور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھرپور مقابلہ کیا جس سے بلوچستان بہت بڑے نقصان سے بچ گیا جس پر میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان دہشت گردوں کو بھارت سے مدد ملتی ہے، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کس طرح انڈین میڈیا پر بلوچستان بلوچستان کیا جاتا ہے، بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو پکڑا گیا تو اس کے سارے تانے بانے ہندوستان سے ملے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف مکمل طور پر اس صورتحال سے آگاہ اور سکیورٹی اداروں سے رابطے میں رہے، وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انشا اللہ تعالی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکہ حق میں فتح حاصل کی، بھارت کو اس کی بہت تکلیف ہے اور وہ اب پراکسی وار کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں بھارت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جب تم نے براہ راست پاکستان پر حملہ کیا تو ہم نے تمہیں وہ سبق سکھایا کہ جو تمہیں ہمیشہ یاد رہے گا، تمہیں دم دبا کے بھاگنا پڑا، اب تمہارے بچونگڑے جو تمہاری پراکسیز ہیں کا بھی خاتمہ کر کے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو عوام کی کوئی پروا نہیں، خیبر پختونخوا حکومت بے عقل موج کے اندر مبتلا ہے، ابھی تک یہ خیبر پختونخوا میں کوئی ایک بھی کام نہیں کر سکے، ان کو بالکل احساس نہیں کہ انہوں نے صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر پر توجہ دینی ہے، خیبر پختونخوا کے ترجمان ٹی وی پر بیٹھ کر زبان درازی کرتے ہیں لیکن کارکردگی بالکل صفر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں پنجاب سے سیکھنا چاہئے جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز نمایاں کام کر رہی ہیں، جب سیلاب آیا تو وزیراعلیٰ پنجاب خود متاثرین کی مدد کے لئے پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ جب محمد شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تب بھی بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے، میں کہتا ہوں کہ آپ پنجاب سے سیکھو کہ کس طرح عوام کی خدمت کی جاتی ہے، جب پنجاب میں محمد شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے تو پی کے ایل آئی ہسپتال، راولپنڈی کارڈیالوجی ہسپتال، اورنج لائن ٹرین، فرانزک لیب،، سی ٹی ڈی سمیت جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں تک پراجیکٹس بنے۔ آج مریم نواز اسی عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کو باتوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خیبر پختونخوا حکومت کو اربوں روپے دیتی ہے لیکن پی ٹی آئی کا کام صرف احتجاج اور اڈیالہ کے باہر بیٹھنا ہے، ان کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بتائے تیراہ کیلئے دیئے گئے 4 ارب روپے کہاں گئے؟ باڑہ کا سیاسی اتحاد کہہ رہا ہے کہ بد انتظامی اور بدعنوانی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کے پی کے حکومت نے عوام کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے، جب تیراہ کے لوگوں پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملہ آور ہوتے ہیں تو پاک فوج ان کا مقابلہ کرتی ہے، جب بھی لوگوں کو مدد درکار ہوتی ہے خیبر پختونخوا حکومت غائب ہوتی ہے، ان کو بالکل احساس نہیں ہے کہ انہوں نے لوگوں کی صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، لا اینڈ آرڈر پر توجہ دینی ہے،ہر سال ان کو کاؤنٹر ٹیررازم کے لیے اربوں روپے دیئے جاتے ہیں لیکن ابھی تک یہ سی ٹی ڈی نہیں بنا سکے، پشاور میں سیف سٹی کیمرے اورنہ ہی ایک فرانزک لیب تک بنا سکے، کے پی کے عوام انشاءاللہ تعالی بہت جلد ان کا احتساب کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ گورنر راج آئینی آپشن ہے، ہر حکومت کو یہ میسر ہوتا ہے لیکن کوشش کی جاتی ہے کہ اس کی نوبت نہ آئے، خیبر پختونخوا حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا معمولی سا علاج ہوا، بانی پی ٹی آئی کی رضامندی سے ان کا طبی علاج کیا گیا، روبصحت ہونے کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ دفتر کا افتتاح کیا اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی مسلم لیگ(ن) کا منشور ہے، یہ حلقہ ہمیشہ سے ہی مسلم لیگ(ن) کا مضبوط قلعہ رہا ہے، اس حلقے کی عوام کی خدمت کیلئے ہم دن رات حاضر ہیں۔
