کوئٹہ۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے گوادر یونیورسٹی کے طلبہ سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔وفاقی وزیر کی گوادر یونیورسٹی کے طلبہ سے یہ ملاقات گوادر پورٹ میں منعقدہ سیمینار کے دوران ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بالخصوص گوادر یونیورسٹی کی طالبہ بدریہ رفیق کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا، جنہوں نے حال ہی میں اڑان پاکستان نیشنل ڈیبیٹس کمپیٹیشن میں آل پاکستان یونیورسٹیوں کے درمیان
انگریزی تقریری کے مقابلے میں اول پوزیشن لیکر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین اسپیکر ڈیبیٹس کا ٹائٹل اپنے اور یونیورسٹی آف گوادر کے نام کیا۔احسن اقبال نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیم اور محنت کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ تعلیم میں زندگیوں کو بدل دینے کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جامعہ آگے بڑھنے کے لیے آپ کا سنہری موقع ہے، سفر چاہے کتنا ہی مشکل ہو، آپ کی محنت آپ کو آگے لے جائے گی، جدوجہد جاری رکھیں؛ گوادر کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے۔”اس موقع پر صوبائی وزرا میر ظہور بلیدی اور مینا مجید کے علاوہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد اور فیکلٹی ممبران بھی یہاں موجود تھے۔ ملاقات گوادر یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی جبکہ بدریہ رفیق کی کامیابی نے دیگر طلبہ کے لیے حوصلہ افزا مثال قائم کی۔
