اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):محکمہ موسمیات نے 26 جنوری پیر کی رات سے 27 جنوری کے دوران شدید برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن
کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے، اس دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ت بالائی خیبر پختونخوا ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے ،ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔تاہم جنوب مغربی بلوچستان میں مطلع جزوی ابرآلود
رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش/برفباری کا امکان ہے۔کل پیر کو خیبر پختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان ، بلوچستان اور بالائی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سےبارش/برفباری جبکہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز بارش/درمیانی سے شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔اس دوران جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر
علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔اتوار کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی14،استور،کالام،نتھیا گلی منفی09، کالام، پاراچنار ،قلات منفی08، گوپس منفی07، مالم جبہ منفی06، اسکردو اور کوئٹہ میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
