کراچی۔( نمائندہ خصوصی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں کراچی میں جاری مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں بالخصوص ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میںسندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شہر میں مزید نئی ای وی بسز اور ای وی ٹیکسی متعارف کرانے کے منصوبوں سے آگاہ
کیا جبکہ سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن پر جاری کام سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ نیپا چورنگی کے قریب ریڈ لائن بی آر ٹی کے دونوں اطراف کام مکمل کیا جا رہا ہے۔یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے، جس پر جلد تعمیراتی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی شہر کے اہم مقامات اور کاروباری مراکز کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور کسی بھی تاخیر سے بچنے کے لیے فیلڈ لیول پر مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جدید شہری ٹرانسپورٹ کے بغیر کسی بھی شہر کی ترقی ممکن نہیں اور بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوںنے پنک اسکوٹیز کے دوسرے مرحلے کو جلد شروع کرنے اور کراچی کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی پنک اسکوٹیز کی تقسیم کے پروگرام منعقد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔
