راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخواہ کے دو اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کےآپریشن کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کردیا گیاآئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 جنوری کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں میں
سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔اسی طرح ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج کو مؤثر طور پر ہلاک کر دیا گیا۔علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بلا توقف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
