اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) :پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی)کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ سال جون تک انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)پروگرام سے نکل جائے گا۔ہفتے کے روز لندن میں پاکستانی برادری کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل معاشی خود انحصاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسے 2026 کے وسط تک آئی ایم ایف کی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی، ملک کی حالیہ معاشی سمت نے سرمایہ کاروں اور بیرون ملک مقیم
پاکستانیوں کا اعتماد بحال کیا۔ماضی کے معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 2018 کے بعد آئی ایم ایف سے منسلک پالیسیوں کی وجہ سے ترقی کی رفتار کم ہوئی لیکن موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ بحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔چیئرمین پی ایم وائی پی نے کارکنوں کی ترسیلات زر میں تیزی سے اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2025 میں اربوں ڈالر وطن بھیجے جس سے ملکی معیشت کو نمایاں فروغ ملا۔ان کا بیان اگست 2025 میں ان کے پہلے ریمارکس کی باز گشت ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان “ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جلد ہی آئی ایم ایف پروگرام سے باہر نکل جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات ٹھوس نتائج دینا شروع کر رہی ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ برآمدات، پیداواری صلاحیت اور نوجوانوں کی قیادت میں کاروبار پر مسلسل توجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں مدد ملے گی اور آخر کار آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پروگرامز پر پاکستان کا دیرینہ انحصار ختم ہو جائے گا۔
