لندن۔( نمائندہ خصوصی) :وزیر اعظم یوتھ پروگرام(پی ایم وائی پی) کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے دورہ برطانیہ کے دوران مختلف اداروں، یونیورسٹی کےطلبا کے مختلف گروپوں کے ساتھ ملاقاتیں کی اور نوجوانوں کی ترقی، انسانی خدمات، جدت، ای اسپورٹس تعاون اور پاکستان کے عالمی سطح پر مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں پاکستان کمیونٹی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہاؤنسلو میں مسلم ہینڈز اوپن کچن کے دورے کے دوران چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے اسے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے انسانی خدمت میں ایک اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دیکھنے میں چھوٹا ہے لیکن اس کا اثر گہرا اور دیرپا ہے، اوپن کچن نے یورپ اور برطانیہ میں پاکستان کے مثبت تشخص کو نمایاں کیا ہے اور پاکستانیوں کے خدمت اور ہمدردی کے جذبے کی عکاسی کی ہے ۔
چیئرمین پی ایم وائی پی نے مسلم ہینڈز کی تسلسل کے ساتھ جاری کوششوں کی تعریف کی جسے ملکی و بین الاقوامی اداروں اور برطانوی حکومت نے تسلیم کیا ہے۔چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے برطانیہ کے ای اسپورٹس کے صدرچیسٹر کنگ کے ساتھ بھی ملاقات کی تاکہ ای اسپورٹس میں تعاون کے مواقع تلاش کئے جا سکیں جن میں پالیسی کی ترقی، ڈیجیٹل ہنر، نصاب کی تیاری، ادارہ جاتی مضبوطی اور نوجوانوں کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ ملاقات میں یہ بات بھی واضح ہوئی کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے ای اسپورٹس نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل پالیسی رہنمائی اور علم کے تبادلے کی اہم ہے۔ملاقات میں برٹش کونسل کے ساتھ نصاب کی تیاری پر بھی بات ہوئی تاکہ پی ایم وائی پی منصوبوں میں ڈیجیٹل ہنر، گیم ڈویلپمنٹ اور ای اسپورٹس مینجمنٹ کو شامل کیا جا سکے اور نوجوانوں کو صنعت کے مطابق ضروری اور مستقبل کے لیے تیار ہنر فراہم کیے جائیں۔ پاکستان ای اسپورٹس فیڈریشن کے قیام کے لیے بھی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ یہ ایک منظم اور پائیدار ادارہ بن کر ابھرے جو بین الاقوامی بہترین حکمرانی کے اصولوں کے مطابق کام کرے اور وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے ای اسپورٹس کے لیے ایکسپوژر وزٹس کا بھی موقع فراہم کرے۔ اس کے علاوہ مشترکہ ای اسپورٹس ٹورنامنٹس اور بین الاقوامی تقریبات کے مواقع پر بھی بات ہوئی تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی تجربہ، مقابلہ جاتی مہارت اور پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ حاصل ہو سکے۔رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایم وائی پی، ای اسپورٹس کو نوجوانوں کے لیے قابلِ عمل کیریئر، ہنر و جدت کا پلیٹ فارم، اور عالمی شمولیت کا ذریعہ بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے مسٹر کنگ کو پاکستان میں آنے والے قومی ای اسپورٹس منصوبوں کے لیے مدعو کیا۔چیئرمین پی ایم وائی پی نے نوجوانوں کے گروپوں، نیویارک میں مقیم پاکستانیوں اور آکسفورڈ و کیمبرج یونیورسٹیوں کے طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے سفیر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً 70 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر پر مشتمل ہے جو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ انہوں نے چار ایز فریم ورک (تعلیم، روزگار، مشغولیت، ماحولیات) کے تحت نوجوانوں کے لیے پی ایم وائی پی کے منصوبوں کی تفصیل بھی بتائی۔
جس میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم (600,000 سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم)، ی ای ای ایف اسکالرشپس اور نوجوانوں کی مہارت کی تربیت شامل ہے جو مستقبل کی ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور بلاک چین کے لیے نوجوانوں کو تیار کرتی ہے۔ انہوں نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی کامیابیاں بھی بیان کیں جس کے تحت بالخصوص خواتین، زرعی شعبہ، ایس ایم ایز، بیرونِ ملک روزگار اور ٹیک اسٹارٹ اپس کے لیے 64.4 ارب روپے سے زائد 120,000 سے زائد نوجوان کاروباریوں کو قرض فراہم کیے گئے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اسٹارٹ اپس کی رہنمائی کریں، نئے خیالات پیش کریں، اور تحقیق و جدت میں حصہ لیں۔چیئرمین پی ایم وائی پی نے نوجوانوں کی شمولیت کے اہم پلیٹ فارمز کا بھی ذکر کیا، جن میں پرائم منسٹر نیشنل یوتھ کونسل، پی ایم ڈیجیٹل یوتھ ہب (720,000 سے زائد رجسٹرڈ صارفین) اور کھیل، ثقافت اور ماحولیات میں پروگرامز جیسے گرین یوتھ موومنٹ اور پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ اینڈ اسپورٹس لیگ شامل ہیں۔ چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام صرف ایک سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ ایک قومی تحریک ہے جو ملک اور بیرونِ ملک نوجوانوں کو ایک مشترکہ وژن کے تحت متحد کرتی ہے۔انہوں نے تعاون، مکالمہ اور شراکت داری جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیونکہ اس کے نوجوان ہنرمند، جدید اور قومی ترقی کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ انسانی خدمات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ای اسپورٹس اقدامات پاکستان کی مثبت عالمی تشخص کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔



