لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔اسٹروک/فالج مینجمنٹ پروگرام سے پنجاب کے کسی بھی ضلع میں فالج اٹیک کا بروقت علاج ممکن ہوگا۔ پنجاب کے تمام ضلعی اسپتالوں میں فالج کے علاج کے لئے مرحلہ وار اسٹروک سنٹر بنیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مرحلہ وار اسٹروک مینجمنٹ سنٹرز کا قیام کا فیصلہ کیا گیا۔پہلے مرحلے میں 30، پھر 15 اور آخر میں باقی 24 ضلعی اسپتالوں میں سٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں ماہر نیو رالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ہرسرکاری
اسپتال میں سی ٹی سکین مشین مکمل طور پرفنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زندگیاں بچانے کے لئے عارضی طور پر کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں بھی اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کی سہولت میسر ہوگی۔ اسٹروک مینجمنٹ ٹریننگ کے تحت فزییشنز ہائپر ٹرینڈ ہوں گے۔ فزیشن کو بھی”ٹی پی اے“اور”ٹی این کے“ انجکشن لگانے اور اسٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وسط فروری تک انجکشن اور ٹریٹمنٹ ٹریننگ کا ہدف مقرر کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ”ٹی پی اے“ انجکشن خریدنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں فالج کے علاج کے لئے جدید ترین ”ٹی این کے“ انجکشن فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فالج کا اٹیک ہونے پر چار گھنٹے میں اسپتال پہنچنے پر عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو اسٹروک/فالج کی علامات سے آگاہ کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر ضلع میں اسٹروک سنٹر بنارہے ہیں،بتدریج تحصیلوں تک سٹروک سنٹر کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔چاہتی ہوں کسی مریض کو ایمرجنسی کی صورت میں دوردراز شہر نہ جانے پڑے۔ عوام کو فالج کی علامات سے آگاہی اور چار گھنٹے ”گولڈن آور“ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فالج کے مریض کو چار گھنٹے کے اندر قریبی اسٹروک سنٹر پہنچانے پر معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔ ہر مریض کو ایمرجنسی علاج کی سہولت قریب ترین اسپتال میں میسر ہونا میرا ویژن ہے۔
