بیجنگ۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پبلک سکیورٹی کے پاسپورٹ بیورو اور ایگزٹ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کا دورہ کیا، بیورو آمد پر ڈائریکٹر جنرل سن یو نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا،وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی، آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ نے بیورو کے مختلف سیکشنز کا مشاہدہ کیا اور چین کے پاسپورٹ بنانے اور امیگریشن کے جدید ترین نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔بریفنگ میں
بتایا گیا کہ چین میں “ون ونڈو” سہولت کے تحت پاسپورٹ اور امیگریشن کا عمل انتہائی تیز رفتار ہے۔آن لائن درخواست کے بعد شہریوں کو محض 24 گھنٹے میں پاسپورٹ فراہم کر دیا جاتا ہے،عوام کی سہولت کے لیے بیورو 7 روز اور 24 گھنٹے فعال رہتا ہے اور ڈیجیٹل ٹریکنگ اور ریئل ٹائم اپڈیٹس کے ذریعے درخواست گزاروں کو ہر مرحلے کی بروقت آگاہی ملتی ہے جبکہ ملٹی لینگویج سسٹم نے غیر ملکیوں کے لیے دستاویزات کے پیچیدہ عمل کو آسان اور شفاف بنا دیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی انٹری ایگزٹ نظام کی افادیت اور برق رفتاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی پاسپورٹ اور امیگریشن سسٹم کو جدید، تیز رفتار اور فول پروف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جعلسازی کے خاتمے کے لیے پاکستانی پاسپورٹ میں نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔ پاکستان کا انٹری ایگزٹ کنٹرول سسٹم بھی بیجنگ ماڈل کی طرز پر جدید خطوط پر استوار ہے۔ دورے میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے، جنہوں نے چینی حکام سے تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

