اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں مالی سال 2024–25 کے دوران تقریباً 10 کروڑ
موبائل ڈیوائسز بلاک کیں۔ پی ٹی اے نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ بلاک ہونے والے موبائل فونز میں 8 لاکھ 68 ہزار گمشدہ یا چوری شدہ ہینڈ سیٹ، 7 کروڑ 20 لاکھ جعلی یا نقل ڈیوائسز اور 2 کروڑ 70 لاکھ وہ موبائل فون شامل ہیں جن کے آئی ایم ای
آئی نمبرز ڈوپلیکیٹ یا کلون تھے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم۔۔۔۔ کے نفاذ کے ذریعے موبائل ڈیوائس مینجمنٹ کے نظام کو مضبوط بنانے میں اتھارٹی نے انقلابی کردار ادا کیا ہے، اس نظام کی بدولت جعلی اور غیر معیاری موبائل فونز کی درآمد میں نمایاں کمی آئی، صارفین کے حقوق کا تحفظ بہتر ہوا، موبائل فون مارکیٹ کو دستاویزی شکل ملی اور قومی خزانے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
