, کراچی ( کرائم رپورٹر)ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی زیر صدارت ضلع کورنگی میں ہفتہ وار کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع کے تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ضلع کورنگی کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی اور جامع جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، گٹکا ماوا کی سپلائی، آرگنائزڈ جرائم، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور ان کی پیش
رفت کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی کورنگی نے تمام ایس ایچ اوز کو سخت اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، اسٹریٹ کرمنلز اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ایس ایس پی کورنگی نے مزید کہا کے اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کو ترجیح دی جائے، جبکہ اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہوں کی نشاندہی کر کے انہیں ٹریس کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ایس ایس پی کورنگی نے مزید ہدایت کی کہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے کرائم پریوینشن اور کرائم ڈیٹیکشن کے جدید، مؤثر اور عملی طریقۂ کار اپنائے جائیں، جبکہ سنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ کارروائیاں اور کومبنگ سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔انہوں نے تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، تعاون اور شفاف طرزِ عمل کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، بدسلوکی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔میٹنگ کے اختتام پر ایس ایس پی کورنگی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کورنگی میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

