اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، یکساں مواقع کی فراہمی اور مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد مختلف شعبوں حتی کہ مسابقتی امتحان میں بھی کامیابی کے بعد بڑی جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو عالمی یوم بریل کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس دن کی مناسبت سے پاکستان اور دنیا بھر کے بصارت سے محروم افراد کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، لوئی بریل کے انقلابی لمسی تحریری نظام نے دنیا بھر میں لاکھوں بصارت سے محروم
افراد کے لیے تعلیم، معلومات تک رسائی اور باوقار زندگی کے مواقع پیدا کیے۔ اس نظام کی گہری اہمیت کو بجا طور پر تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2018 میں 4 جنوری کو عالمی یوم بریل قرار دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد کا بریل کو اپناتے ہوۓ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینا اس امر کا ثبوت ہیں کہ صلاحیت اور اعلی کارکردگی ہر مشکل کو عبور کرتے ہوے اپنا راستہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، یکساں مواقع کی فراہمی، مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد مختلف شعبوں حتی کہ مسابقتی امتحان میں بھی کامیابی کے بعد بڑی جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے اس ضمن میں صائمہ سلیم کی مثال دی جو وزارت خارجہ کی آفیسر کی حیثیت سے پاکستان کےاقوام متحدہ مشن میں نمایاں طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بے شک ایسی کامیابیاں استقامت، اہلیت اور قومی وقار کی روشن مثالیں ہیں۔ اور بلا شبہ قابل رسائی تعلیم اور معاشرتی تعاون کی مضبوطی کی بھی عکاس ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق خصوصی افراد (UNCRPD) کا رکن ہےاور علم اور معلومات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے 2023 میں مراکش معاہدے کی بھی توثیق کی۔اس معاہدے کے تحت بصارت میں کمی یا محروم افراد کے لیے شائع شدہ مواد کو قابل رسائی فارمیٹس میں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے علاوہ معاشرتی سطح پر تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ بریل خواندگی، قابل رسائی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی مشترکہ کاوشیں اور تعاون کو مزید مستحکم کریں۔انہوں نے دعوت دی کہ آئیے بحیثیت قوم اس عزم کی تجدید کریں کہ کوئی بھی شہری اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع کی فراہمی میں پیچھے نہ رہ جائے۔ اور ہر فرد، بصری صلاحیت سے قطع نظر، پاکستان کی ترقی میں اپنا بیش قیمت اور بامعنی کردار ادا کر سکے۔
