بیجنگ( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی صبح چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو ہائی شِنگ سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیر لیو ہائی شنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے 20ویں اجلاس کے چوتھے سیشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی پائیدار اور مستقبل کی سمت میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ جماعتی سطح کے روابط، علاقائی صورتحال اور سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان اور بامقصد انداز میں مشترکہ طور پر منانے پر بھی اتفاق کیا۔واضح رہے کہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے دورے پر ہیں جہاں وہ ساتویں پاکستان چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

