لاہور( نمائندہ خصوصی) لاہور پولیس نے سال 2025ء کے دوران قمار بازی کے خلاف موثرکارروائیوں کے نتیجے میں 3 ہزار 800 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 959 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے
قبضے سے ایک کروڑ 79 لاکھ 49 ہزار روپے سے زائد داؤ پر لگی رقم برآمد کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سٹی ڈویژن سے 299، کینٹ سے 144، سول لائنز سے 125، صدر ڈویژن سے 71، اقبال ٹاؤن سے 188 اور ماڈل ٹاؤن سے 90 قمار باز گرفتار کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جوئے جیسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آن لائن گیمبلنگ میں ملوث نیٹ ورکس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔سی سی پی او لاہور
نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جوئے کی لعنت میں ملوث کرنے والے عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آن لائن جوئے کی نگرانی کے نظام کو مزیدموثر بنایا جا رہا ہے۔بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ جوئے کے مکمل خاتمے کے لیے ہر سطح پر سخت اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جوئے اور دیگر جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
