فیصل آباد( نمائندہ خصوصی):پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہورکے ریجنل ڈائریکٹر جنرل شفقت عباس نے کہا ہے کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ا پنے ذیلی و ہم منصب سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر اشتہارات کی بلنگ اور ادائیگی کے نظام کو مؤثر، مربوط اور شفاف بنانے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے جس سے نہ صرف اخباری صنعت کے مابین باہمی تعاون کو فروغ ملابلکہ میڈیا اور حکومت کے درمیان اعتماد اور پیشہ ورانہ تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر کے نام اپنے ایک مراسلے میں کیا۔ انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ پاکستان کی جانب سے فیسکو کو مالی سال 25-2024 کے دوران اشتہاری واجبات کی بروقت ادائیگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فیسکو انتظامیہ کے بروقت ردِعمل اور اشتہاری واجبات کی مقررہ مدت کے اندر
ادائیگی کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ڈی جی (پی آئی ڈی)نے فیسکو کے چیف ایگزیکٹوفیسکو انجینئر محمد عامر، ڈائریکٹر (پبلک ریلیشنز)محمد سعید رضا اور ان کی ٹیم کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث مطلوبہ ریکارڈ بروقت اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق فراہم کیا گیا، جس سے اشتہاری امور کی تکمیل میں نمایاں سہولت حاصل ہوئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیسکو مستقبل میں اسی طرح مثالی کارکردگی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتا رہے گاجو نہ صرف دونوں اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی رابطہ مزید مضبوط کر ے گا بلکہ اشتہارات کی بروقت اشاعت میں معاون ثابت ہو گا۔پی آئی ڈی اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے تحت اشتہارات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی اور مؤثر تعاون جاری رکھا جائے گا۔

