حیدرآباد۔( نمائندہ خصوصی):کیڈٹ کالج پیٹارو میں 63ویں یومِ والدین کی تقریب شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پرنسپل کیڈٹ کالج کموڈور فیصل اقبال قاضی کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔ پرنسپل نے کالج کی سالانہ تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کی
تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کیڈٹس نے بلاول بھٹو زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ پی ٹی شو، جمناسٹک، گھڑسواری اور دیگر کرتبوں کا مظاہرہ بھی کیا، جسے والدین اور دیگر شرکاء نے خوب سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کیڈٹ کالج میں تعلیم کا مقصد طلبہ کو یہ سکھانا ہے کہ کامیابی اور ترقی وراثت میں نہیں بلکہ محنت، استقامت، نظم و ضبط اور اعلیٰ کردار کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ان کے خاندان کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ان کے والد آصف علی زرداری بھی اسی مقام پر کھڑے ہو چکے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے والد پاکستان کے واحد
سویلین صدر ہیں جو دو مرتبہ منتخب ہوئے اور 13 سال سیاسی قید میں بھی رہے، جس میں کیڈٹ کالج پیٹارو سے حاصل کی گئی تربیت اور حوصلہ ان کے لیے ثابت قدم رہنے کا سبب بنی۔ چیئرمین پی پی نے کیڈٹس کو نصیحت کی کہ چاہے آپ مسلح افواج کی وردی پہنیں یا کلاس رومز، لیبارٹریز، عدالتوں، بورڈ رومز اور عوامی اداروں میں خدمت کریں، پاکستان کی خدمت زندگی بھر کا عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت غرور سے نہیں بلکہ عاجزی سے، شور سے نہیں بلکہ عزم کے ساتھ کی جاتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پاکستان معاشی دباؤ، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی دنیا جیسے چیلنجز کا
سامنا کر رہا ہے، تاہم قوم میں حوصلے اور مزاحمت کی کمی نہیں۔انہوں نے حالیہ دنوں میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کے ذریعے حاصل کی گئی عسکری اور اخلاقی کامیابی کی بھی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو کالج کی ترقی اور کیڈٹس کی صلاحیتوں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئی تھی۔ اس موقع پر ایم این اے ملک اسد سکندر، ایم پی ایز سکندر شورو
اور ملک سکندر، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ یہ تقریب کیڈٹ کالج پیٹارو کی تعلیمی اور تربیتی اہمیت، قومی خدمت اور قائدانہ تربیت کی عکاس ہے، اور بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی شرکت نے اسے مزید نمایاں اور یادگار بنایا

