کراچی / اسلام آباد / لاہور,( نمائندہ خصوصی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو اُن کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ہفتہ کومیڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان میں پی پی پی
چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقبالؒ کا ایک آزاد اور ترقی پسند قوم کا تصور آج بھی نسل در نسل یہ یقین پیدا کرتا ہے کہ وہ خود پر ایمان رکھیں اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے اقبالؒ کے اس خواب کو آگے بڑھایا، عوام کو بااختیار بنایا اور جمہوریت کا دفاع کیا۔ انہوں نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم اس پاکستان کی تعمیر کریں گے جس کا خواب اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ امید، مساوات اور وقار سے بھرپور ایک وطن، جس کی قیادت اُس کے باہمت نوجوان کریں۔

