لاہور( نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب نے پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی و دیگر انتظامات مکمل کر لیے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے فوج، رینجرز اور ایوی ایشن اثاثے طلب کر لیے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں میچز کی سکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں آرمی اور رینجرز کی 1،1 کمپنی جبکہ راولپنڈی میں 3، 3 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی
ہیں۔ اسی طرح لاہور میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔ فوج اور رینجرز کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت ہوگی۔ سہ ملکی کرکٹ سیریز کے میچز 11 نومبر سے 27 نومبر تک لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں جبکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کیلئے دستوں کی خدمات 8
نومبر سے 30 نومبر تک طلب کی گئی ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات ہوں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھجوا دیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ٹیموں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
