اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے جمعہ کو ایک کامیاب کارروائی کے دوران ناردرن بائی پاس کراچی کے قریب سمگل شدہ ایرانی ڈیزل کے غیر قانونی ذخیرہ اور فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 42,200 لیٹر سے زائد
ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا جس کی کل مالیت ایک کروڑ 20لاکھ روپے ہے ۔ پریس ریلیز کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کسٹمز کی ٹیموں نے علیٰ الصبح سینئر افسران کی نگرانی میں ایک مربوط آپریشن کیا تاکہ غیر قانونی ڈیزل کو کسی محفوظ مقام پر منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔ کارروائی کے دوران کئی خفیہ ٹینک اور عارضی سٹوریج کی جگہیں دریافت ہوئیں جن سے تقریباً
42,200 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔ضبط شدہ ڈیزل کو کیسپیئن اسٹیٹ ویئرہاؤس کورنگی منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر کےپختہ عزم کی آئینہ دار ہے کیونکہ سمگلنگ کی وجہ سے قومی خزانہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور قانونی تجارت کو نقصان پہنچتا ہے ۔ ایف بی آر نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا
اعادہ کیا ہے کہ وہ سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھے گا تاکہ ملک بھر میں قانونی کاروبار اور قومی محصولات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
