راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی)سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خود کش بمباروں سمیت بھارتی سرپرستی یافتہ 25 فتنہ الخوارج کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25
اکتوبر کو 2 بڑے دہشت گرد گروہوں نے پاک افغان سرحد عبور کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق غاخی کے علاقے ضلع کرم اور اسپن وام شمالی
وزیرستان میں خوارج کے دو گروہوں کی مشکوک حرکات نوٹ کی گئیں، خوارج پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروہوں کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے دوران ہدف بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسپن وام شمالی وزیرستان میں ہلاک 15 دہشت گردوں میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ غاخی،
ضلع کرم میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک کیےگئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 5 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہدا میں حوالدار منظور حسین، سپاہی نعمان الیاس کیانی، سپاہی محمد عدیل، سپاہی شاہجہاں اور سپاہی علی اصغر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں
سےبھاری مقدار میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔دراندازی کے واقعات افغان حکومت کے ارادوں پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں: آئی ایس پی آرآئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فتنہ الخوارج کی دراندازی کے واقعات ایسے وقت ہو رہے ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکیے میں مذاکرات میں مصروف ہیں۔ دراندازی کے واقعات عبوری افغان حکومت کے دہشت گردی سے متعلق ارادوں پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
