اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ اساتذۂ کےموقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تدریس ایک مقدس فریضہ ہے، جس سے علم، اخلاق، اور سماجی شعور کو پروان چڑھایا جاتا ہے۔ اس دن ہم اساتذہ کی عظیم خدمات، قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے نسل در نسل ذہنوں کو منور کیا اور معاشروں کی بنیاد مضبوط کی تدریس صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ اعلیٰ ترین درجے کی خدمتِ انسانیت ہے۔ اساتذہ علم اور اقدار کے امین ہوتے ہیں جو نوجوانوں کو سچائی، انصاف، اور بہترین کردار کی راہ دکھاتے ہیں۔اساتذہ کا اثر و رسوخ کلاس رومز تک محدود نہیں بلکہ وہ زندگیوں کو بدلنے اور معاشروں کو سنوارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے اساتذہ ہمیشہ قومی تعمیر کے عمل میں صفِ اوّل میں رہے ہیں۔ مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود وہ علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ان کی استقامت اور عزمِ صمیم قابلِ فخر ہے جو نوجوان نسل کو ملک کی ترقی و خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں اساتذہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی، معاشی چیلنجز، اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اساتذہ امید اور
تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں، ڈیجیٹل ٹولز اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ طلبہ کو نہ صرف علم بلکہ جدت، ہمدردی اور تخلیقی سوچ سے بھی مزین کرسکیں۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان تدریسی شعبے کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت، ٹیکنالوجی کے انضمام، بہتر سہولیات اور اساتذہ کے وقار کے تحفظ کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔انہوں نے نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم، خاندانوں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو اساتذہ کے احترام اور ان کی معاونت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وہ قوم جو اپنے اساتذہ کو عزت دیتی ہے، اپنے مستقبل کو روشن بناتی ہے۔ انہوں نے تمام اساتذہ کو ان کی انتھک خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اساتذہ کا احترام اور ان کی سرپرستی جاری رکھیں گے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کو علم، دانائی اور ترقی کی راہ دکھاتے رہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اساتذہ کو اپنی رحمتوں سے نوازے، نظامِ تعلیم کو مزید مضبوط کرے، اور پاکستان کو علم، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔
