اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری چین کے اہم دورہ کے بعد اتوار کو وطن واپس پہنچ گئے۔ چین میں قیام کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے چنگڈو، شنگھائی، اُرومچی اور کاشغر کا دورہ کیا اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پاک۔چین تعلقات، سی پیک منصوبوں اور مستقبل کی راہداریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا.اتوار کو ایوان صدر
کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے دورے کے موقع پر علاقائی امن، ترقی اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اہم مفاہمت کی یادداشتِوں (ایم او یوز) پر دستخط کئے جو دونوں ممالک کے
تعلقات کے فروغ میں سنگِ میل ہوں گی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ پاک۔چین اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کی تجدید ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت کو کاشی لیننگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کاشغر کے پارٹی سیکرٹری اور سنکیانگ کے نائب گورنر نیے ژوانگ نے روانہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی قیادت کی میزبانی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے وژن کے تحت چین بالخصوص سنکیانگ میں ہونے والی ترقی قابلِ تعریف اور متاثرکن ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور چین کے عوام سیاحت اور تجارت کے لیے زمینی راستوں کے ذریعے باآسانی سفر کر سکیں ۔
