اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے جمعرات کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق فلسطینی وفد نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر سردار محمد یوسف نے
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملت فلسطین کی حمایت دین، نسل، عقیدہ اور ثقافت سے ماورا ایک انسانی و اخلاقی فریضہ ہے،غزہ میں جاری مسلسل قتل عام، انسانیت و مقدسات کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوموں کیلئے امدادی سامان بھجوایا جاریا ہے۔فلسطینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ غزہ میں مظالم پر موثر آواز اٹھانے پر پاکستان کے شکرگزار ہیں،ماہ ستمبر میں کئی ممالک فلسطین کو آزاد و خود مختار ریاست تسلیم کریں گے،وہ وقت قریب ہے جب عالم اسلام کے لیڈر مسجد اقصیٰ میں اکٹھے ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔ ملاقات میں علماء کرام کے تبادلے اور مکالمے کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شامل تھے۔
