اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور بنگلہ دیش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی( بی ایس ایس )نے اتوار کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے بنگلہ دیش کے
دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر میڈیا تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد خبروں کے تبادلے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی استعداد کار میں اضافے کے تربیتی پروگراموں کا اہتمام کرنا بھی ہے۔بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی
کمشنر عمران حیدر اور سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات بنگلہ دیش محبوبہ سلطانہ نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ دستخط کی تقریب میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پریس قونصلر پاکستان ایمبیسی فصی اللہ وزیر بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت فریقین روزانہ کی خبروں اور میڈیا کے مواد کے ساتھ ساتھ تصاویر اور ویڈیوز کا تبادلہ کریں گے تاکہ اس کو متعلقہ صارفین تک پہنچایا جا سکے۔
