اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان تمام برادریوں کی مشترکہ قربانیوں سے قائم ہوا اور تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ جمعرات کو”معرکہ حق” کی مناسبت سے ایک خصوصی آزادی بیٹھک کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی اقلیتی برادریوں کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر نہ صرف پاکستان کو بنایا بلکہ اسے استحکام بخشا۔ احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اسلحہ یا ڈالروں کے ذخائر میں نہیں بلکہ
عوام کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے، تمام پاکستانی برابر ہیں اور ترقی سب کا حق ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ترقی یافتہ پاکستان کے لیے رنگ، نسل یا مذہب سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا اور قائداعظم محمد علی جناح کے پیغام اتحاد کو ایک بار پھر زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اسی صورت ممکن ہے جب ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے للکارا تو قوم نے معرکہ حق سے جواب دیا، افواج پاکستان نے دشمن کو ایسی ضرب لگائی کہ وہ آج بھی زخم چاٹ رہا ہے، جنگی طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی دھماکے دشمن کے لیے واضح پیغام تھے، توانائی بحران کو ختم کیا گیا، دہشت گردی کو شکست دی گئی اور دنیا پر یہ واضح کر دیا گیا کہ پاکستان کمزور نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی سب کے لیے یہی ہے ‘اڑان پاکستان’ کا عہد، یہ صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ قومی عزم ہے۔احسن اقبال نے تجویز دی کہ ہر ضلع میں ایسی بیٹھک کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ سب کی آواز سنی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت نہیں، محبت، انصاف اور برابری کا پیغام عام کرنا ہے، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ہی ترقی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم تلے ہم سب ایک ہیں اور دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی، ماضی میں مسلط کردہ نام نہاد تبدیلی نے ترقی کو روکا، اب وقت آ چکا ہے کہ ہم سب مل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔
