کراچی( نمائندہ خصوصی) سندھ کی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سابق خواتین قیدیوں کے لیے خصوصی ہاسٹلز تعمیر کرے گی تاکہ انہیں جیل سے رہائی کے بعد محفوظ رہائش میسر آ سکے اور وہ سماجی بدنامی اور خاندانی ردعمل کے باوجود خودمختار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے یہ بات کراچی سینٹرل جیل میں قید خواتین اور ان
کے ہمراہ رہنے والے بچوں کے لیے منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب کا اہتمام نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (NFEH) نے کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ترقی نسواں نے کہا کہ خواتین قیدی رہائی کے بعد معاشرتی تنہائی اور خاندانی بائیکاٹ کا شکار ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے باعزت زندگی گزارنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ اگر انہیں رہائش کی سہولت میسر نہ ہو تو ان کے دوبارہ جرائم میں ملوث ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان ہاسٹلز کے لیے فنڈز مختص کرے گی تاکہ یہ خواتین معاشی طور پر خودکفیل بن کر
معاشرے کا مثبت حصہ بن سکیں۔شاہینہ شیر علی نے کہا کہ حکومت قیدی خواتین کو تعلیم اور ہنر سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کرے گی، جبکہ ان بچوں کی تعلیم کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے جو اپنی ماؤں کے ساتھ جیل میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت نجی فلاحی تنظیموں کے تعاون کا بھی خیر مقدم کرے گی۔تقریب سے ڈی آئی جی ویمنز پرزن شیبہ شاہ نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ خواتین قیدیوں کو 10 مختلف پیشہ ورانہ ہنروں پر مبنی کورسز کرائے جا رہے ہیں، جن کے سرٹیفکیٹس نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے جاری ہوتے ہیں، جن پر قیدی ہونے کا ذکر نہیں ہوتا تاکہ وہ باعزت طریقے سے ملازمت یا کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیل میں قائم مونٹیسوری سینٹر ان بچوں کو پری اسکولنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے جو اپنی ماؤں کے ساتھ قید ہیں۔ قیدی خواتین کو کھیلوں کی سہولیات اور کوچنگ بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی لیاقت نیشنل میموریل
لائبریری کے قریب واقع ایک آرٹ گیلری میں قیدی خواتین اور ان کے بچوں کی بنائی گئی 200 پینٹنگز کی نمائش ہو گی، جس کی آمدنی ان مصوروں کو دی جائے گی۔معروف فٹنس ٹرینر یوگی وجاہت نے قیدی بچوں کے لیے کھلونے فراہم کیے اور خواتین قیدیوں کی فلاح کے لیے یوگا انسٹرکٹرز کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کیNFEH کے صدر نعیم قریشی نے کہا کہ سندھ حکومت اور سماجی تنظیموں کی مدد سے جیلوں کو تربیتی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جو خوش آئند اقدام ہے۔این ایف ای ایچ کی سیکرٹری جنرل رقیہ نعیم نے اعلان کیا کہ جلد ہی خواتین قیدیوں کے لیے بریسٹ کینسر آگاہی سیشن اور صحت سے متعلق دیگر پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔این ایف ای ایچ کے نائب صدر انجینئر ندیم اشرف نے خواتین قیدیوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے پر جیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
عید ملن تقریب میں قیدی خواتین اور ان کے بچوں نے تلاوت، نعت، قومی ترانہ، شاعری اور گیت پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔

