مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب کے لیے جاری حج آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔ایک ماہ کے دوران388 پروازوں کے ذریعے اب تک 87 فیصد سرکاری سکیم کے عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔ باقی ماندہ 13 فیصد عازمین آئندہ 96 گھنٹوں میں سعودی عرب پہنچیں گےجبکہ مناسکِ حج 7 اور 8 ذوالحجہ کی درمیانی رات سے شروع ہو جائیں گے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق ارضِ مقدس میں عازمین کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 1,03,513 سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔اب صرف 13 فیصد یعنی 15,321 سرکاری عازمین کا آنا باقی ہے۔ اب تک پاکستان سے مدینہ منورہ کے لیے 184 (بشمول گزشتہ 176 اور آج کی 8 پروازیں ) اور جدہ کے لیے 229 (بشمول گزشتہ 212 اور آج کی 17 پروازیں ) حج پروازیں لینڈ کر چکی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین میں سے اس وقت 95 فیصد (98,823)
مکہ مکرمہ میں موجود ہیں جبکہ 5 فیصد (4,690) مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں ۔ اب تک پاکستان سے براہِ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے سرکاری عازمین کی مجموعی تعداد 46,398 ہے ، جن میں سے 41,708 عازمین مدینہ منورہ میں اپنا قیام مکمل کر کے مکہ مکرمہ منتقل ہو چکے ہیں ۔اس کے علاوہ 57,115 عازمینِ حج براہِ راست جدہ کے راستے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں ۔ وزارتِ مذہبی امور کے ڈیٹا کے مطابق عازمینِ حج کی خدمت، رہنمائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 96 فیصد (1,517) ویلفیئرسٹاف اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکا ہے ۔ اب تک 95 فیصد (921) معاونینِ حجاج ، 95 فیصد (178) خدام (SDS) و ٹیکنیکل سٹاف اور 99 فیصد (418) میڈیکل عملہ سعودی عرب پہنچ کر مختلف اسٹیشنز پر تعینات ہو چکا ہے۔ مسجد الحرام اور اس کے اطراف میں تعینات ‘حرم گائیڈز’ اب تک مجموعی طور پر 20,698 عازمینِ حج کی رہنمائی کر چکے ہیں ۔دوسری جانب مدینہ منورہ میں اب تک مجموعی طور پر 38,594 عازمینِ حج (20,438 مرد اور 18,156 خواتین ) کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی جا چکی ہے ۔ پاکستانی عازمین کو رہائش گاہوں سے حرم شریف تک عمرہ اور نمازوں کی ادائیگی کے لیے لانے اور لے جانے والی ٹرانسپورٹ سروس کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں عازمین کے لیے مجموعی طور پر بسوں کی تعداد بڑھا کر 469 کر دی گئی ہے ، جس کے ذریعے مکہ مکرمہ میں موجود تمام 98,823 عازمین کو 24 گھنٹے بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ مکہ مکرمہ کے سیکٹر 1، سیکٹر 8 اور سیکٹر 7 میں بس اور حجاج شرح کے لحاظ سے سب سے زیادہ نقل و حمل ریکارڈ کی گئی ہے ۔

