اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات اور فنانس کے درمیان سہ ماہی ریلیز کا میکنزم طے شدہ ہے، وزارت اطلاعات کے بیشتر فنڈز پروکیورمنٹ سے متعلق ہوتے ہیں، ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جدت سمیت پی ایس ڈی پی منصوبے جاری ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شرمیلہ فاروقی ہمیشہ عوامی اہمیت کے ایشوز کو اجاگر کرتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور وزارت خزانہ کے درمیان سہ ماہی ریلیز کا باقاعدہ نظام طے شدہ ہے جس کے تحت ہر سہ ماہی میں فنڈز
جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ادائیگیاں ون ٹائم ہوتی ہیں، اس لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت آنے والے منصوبوں کے لئے درکار فنڈز اسی مناسبت سے فراہم کئے جاتے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جاتا ہے، کمیوٹیشن و پنشن کے اخراجات کے لئے بھی بروقت فنڈز جاری کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معزز رکن نے درست نشاندہی کی ہے کیونکہ بعض اوقات ریلیزز ضرورت کے مطابق ہم آہنگ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی کوشش ہوگی کہ سہ ماہی بنیادوں پر جاری ہونے والے تمام فنڈز مکمل طور پر استعمال میں لائے جائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آخری دنوں میں ”ایکسس رینڈرز“ بھی موصول ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے۔ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے جامعات کے ساتھ روابط مزید مستحکم کئے ہیں، مختلف شعبہ جات میں وزارت اور تعلیمی اداروں کے درمیان موثر نیٹ ورکنگ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پالیسی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق وقتاً فوقتاً جامعات کے ساتھ رابطہ اور مشاورت جاری رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے اور کوشش ہے کہ جدید رجحانات کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔
