مکہ مکرمہ ( نمائندہ خصوصی):ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ سعودی وزارتِ صحت کے قوانین اور طے شدہ معیار کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمین کو صحت کی مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکہ اور مدینہ میں مرحلہ وار 35 جدید کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان حج مشن آفس کے قریب العزیزیہ میں گنجائش کی کمی کو دور کرتے ہوئے نئے اور وسیع مرکزی کلینک کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ عازمین کو ایک ہی چھت تلے تمام طبی شعبہ جات میسر آ سکیں۔

اس مربوط نظام کے تحت ہر کلینک کے ساتھ 3 سے 4 ایمبولینسز ہمہ وقت الرٹ رکھی گئی ہیں، جبکہ جرمن ہسپتال کے تکنیکی اہلکار اور سپروائزرز کی تعیناتی کے ذریعے علاج کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ نئے قائم ہونے والے پاکستان حج میڈیکل مشن کے مرکزی کلینک کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ڈی جی حج نے کلینک کے مردانہ و زنانہ او پی ڈی، فارمیسی، ڈینٹل یونٹ، الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے اور فزیو تھراپی سمیت تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ علاج عازمین سے براہِ راست فراہم کردہ سہولیات بارے استفسار کیا، جس پر عازمین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ میڈیکل حکام نے، جن کی قیادت کرنل ڈاکٹر توقیر، لیفٹیننٹ کرنل حمزہ منصور اور لیفٹیننٹ کرنل جواد اسلم کر رہے تھے، ڈائریکٹر جنرل حج کو بریفنگ دی کہ اب تک 21 کلینکس قائم ہو چکے ہیں جہاں پر اب تک عازمین کو او پی ڈی میں معائنے کے بعد 8 ہزار سے زائد اقسام کی ادویات مفت فراہم کی جا چکی ہیں۔

میڈیکل حکام نے بتایا کہ لیبارٹری میں مجموعی طور پر 28 ٹیسٹوں کی جدید سہولت موجود ہےجن میں سی بی سی سے خون کی کمی یا انفیکشن، بلڈ گلوکوز سے شوگر، اور یوریا و کریٹینائن سے گردوں کی بیماریوں کی تشخیص کی جاتی ہے۔ جگر اور یرقان کے لیے اے ایل ٹی اور بلیروبن، جبکہ جوڑوں کے درد کے لیے یورک ایسڈ کا ٹیسٹ موجود ہے۔ دل کی تکلیف کی صورت میں ٹروپونن آئی اور سی کے ایم بی جیسے ٹیسٹ فوری تشخیص میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹائیفائیڈ، ڈینگی، ہیپاٹائٹس اور کورونا کی سکریننگ سمیت پیشاب (یورین) اور پاخانے (سٹول) کے ٹیسٹ کی سہولت بھی ایک ہی چھت تلے میسر ہے۔ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ مناسکِ حج کی ادائیگی کے بعد واپسی پر بھی تمام کلینکس میں جان بچانے والی اور دیگر ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہیے تاکہ تھکن یا بیماری کی صورت میں عازمین کو ان کی رہائش گاہوں کے قریب ہی بہترین علاج مل سکے۔ اس موقع پر چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود، آفس برائے امورِ حج کے محمد عارف اسلم راؤاور ڈپٹی ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ اور سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ڈی جی حج کے ہمراہ موجود تھے۔

